ممبئی (این این آئی) بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان نے کہا ہے کہ وہ شادی کے معاملے میں سنجیدہ نہیں ہیں لیکن والد بننے کے بارے میں ضرور سوچ رہے ہیں۔ دوسری جانب عامر خان نے اپنی پہلی طلاق سے جڑے لمحات کا ذکر کیا۔
یہ گفتگو کاجول اور ٹوئنکل کھنہ کے او ٹی ٹی پلیٹ فارم "پرائم ویڈیو" کے شو ٹو مچ میں ہوئی، جس کے پہلے ایپیسوڈ میں فلم انداز اپنا اپنا کے ہیرو سلمان خان اور عامر خان اکٹھے شریک ہوئے۔
عامر خان نے بتایا کہ سلمان سے ان کی حقیقی دوستی اس وقت شروع ہوئی جب وہ رینا سے اپنی طلاق کے مرحلے سے گزر رہے تھے۔ انہوں نے سلمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: "آپ کو یاد ہے؟ آپ میرے گھر رات کے کھانے پر آئے تھے، تب ہی ہماری پہلی بار اچھی بات چیت ہوئی تھی۔ اس سے پہلے مجھے لگتا تھا کہ سلمان وقت پر نہیں آتا، جیسا کہ فلم انداز اپنا اپنا کی شوٹنگ کے دوران اکثر مسائل پیش آتے تھے۔"
رشتوں پر گفتگو کرتے ہوئے سلمان خان نے کہا کہ مسائل تب پیدا ہوتے ہیں جب ایک ساتھی دوسرے سے آگے نکلنے لگے۔ ان کے مطابق دونوں کو ساتھ ساتھ آگے بڑھنا چاہیے، ایک دوسرے پر بوجھ ڈالنے سے رشتے کمزور پڑ جاتے ہیں۔
جب عامر خان نے سلمان کے اپنے تعلقات کے بارے میں پوچھا تو دبنگ اداکار نے صاف گوئی سے کہا کہ اس معاملے میں اگر کسی کو الزام دینا ہے تو وہ خود ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے اشارہ دیا کہ وہ چاہے شادی نہ کریں لیکن بچوں کے بارے میں سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں۔
0 تبصرے